Ministers

گلگت (عبدالرحمٰن بخاری)  کبینٹ ڈویژن کی جانب سے گلگت بلتستان  کی صوبائی کابینہ کا اعلان کردیا ہے۔ کابینہ میں سات وزراء شامل ہیں جن میں اکبر تابان، ابراہیم ثنائی، فرمان علی، حاجی جانباز خان، حاجی محمد وکیل، ڈاکٹر اقبال اور ثوبیہ مقدم شامل ہیں۔   نامزد وزراء کل شام گورنر ہاوس گلگت میں اپنے عہدوں کا  حلف اٹھائیں گے اور ان کے زیر انتظام محکموں کا اعلان بھی کل ہی کیا جائے گا۔

 نامزد وزراء میں دیامر سے تین،  جبکہ گلگت، سکردو، گانچھے اور استور سے ایک ایک رکن اسمبلی شامل ہیں۔ضلع غذر اور ہنزہ نگر سے کوئی وزارت کا مستحق نہ ٹھہر سکا۔

اکبر تابان کو وزارت کا منصب تفویض ہونے اور رانی عتیقہ غضنفر کا نام اس فہرست سے غائب ہونے سے یہ بات یقینی ہوگئی ہے کہ میر غضنفر علی خان علاقے کے نئے گورنر ہونگے۔ گزشتہ کئی دنوں سے گورنر شپ کے متمنی  دونوں اشخاص  کو لے کر میڈیا اور عوامی حلقوں میں بحث چھڑی ہوئی تھی۔ اب اکبر تابان کو وزارت کا منصب ملنے سے یہی پیغام ملتا ہے کہ درون خانہ اس بابت  گفت و شنید سے معاملہ سلجھا لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نےآنے والے دنوں میں کابینہ میں مزید وزراء شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے، جس میں ممکن ہے کہ اس بار وزارت کے منصب سے محروم رہ جانے والے اضلاع کو شامل کیا جائے گا۔

Comments are closed.