Ministers

 

گلگت (عبدالرحمٰن بخاری)  گلگت بلتستان کی صوبائی  کابینہ کی تشکیل کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ آج چھے صوبائی وزرا ء کے محکموں کا اعلان کردیا گیا۔ حاجی جانباز خان کو خوراک و زراعت، حاجی محمد وکیل کو جنگلات، ابراہیم ثنائی کو تعلیم اور اطلاعات و نشریات ،  ڈاکٹر اقبال کو تعمیرات عامہ، فرمان علی کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن  اور واحد خاتون وزیر ثوبیہ مقدم کو  ویمن ڈویلپمنٹ یعنی ترقئ نسواں کا  محکمہ سونپا گیا ہے۔

ابتدائی نوٹیفیکیشن کے مطابق سکردو سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اکبر تابان   بھی صوبائی کابینہ کا حصہ تھے مگر انھوں نے  منگل کے روز گورنر ہاوس گلگت میں  ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔ اکبر تابان  وزارت ِ اعلیٰ یا گورنر کے عہدے کے خواہشمند ہیں ۔ ان کی جماعت بوجوہ ان کے مطالبات  کو نظرانداز کیے ہوئے ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کے حوالے سے یہ خبر گرم ہے کہ صوبائی کابینہ میں مزید توسیع کی جائے گی۔ عین ممکن ہے کہ مستقبل قریب میں ضلع غذر اور ہنزہ نگر کو بھی کابینہ میں نمائندگی دے دی جائے، جو اس مرتبہ اس کا حصہ نہ بن سکے ہیں۔

Comments are closed.